حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی محکمہ صحت و طبابت میں خدمات انجام دینے والے پروفیسرس کے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے کی مقررہ حد عمر میں توسیع دینے کے احکامات جاری کئے تھے ان احکامات کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے تلنگانہ گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے اجتماعی رخصت حاصل کرلینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام گورنمنٹ ڈاکٹروں سے رخصت حاصل کرلینے کی پرزور اپیل کی جس کے پیش نظر حکومت نے طبی خدمات کو متاثر نہ ہونے اور مریضوں کو دواخانوں میں کوئی مسائل و مشکلات پیش نہ آنے کیلئے دیگر متبادل انتظامات کئے۔ گورنمنٹ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پروفیسرس کیلئے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے کی مقررہ حد عمر میں اضافہ کرنے سے اعلیٰ عہدوں پر تقررات میں شدید ناانصافی ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کے ان اقدامات کے خلاف ڈاکٹرس گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔