فرنیچر و دیگر اشیاء خریدنے کی اجازت ، پرنسپال سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔/27 فبروری ، ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے گورنمنٹ چیف وہپ اور نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ کو ان کی قیامگاہوں پر فرنیچر اور دیگر ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے فی کس 3لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی سرکاری قیامگاہ پر فرنیچر اور دیگر ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی تھی۔ حکومت نے وزراء، گورنمنٹ چیف وہپ اور دیگر اہم عہدوں پر فائز افراد کیلئے فرنیچر کی خریدی کے سلسلہ میں 3لاکھ روپئے کی ادائیگی کی گنجائش رکھی ہے۔ اس گنجائش کے تحت حکومت نے کے ایشور کو 3لاکھ روپئے منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی یہ رقم حاصل کرنے کے مجاز ہیں۔ فرنیچر کی خریدی اور اس کی تفصیلات اور بلز محکمہ جی اے ڈی میں داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ حکومت تلنگانہ ایس نرنجن ریڈی اپنی قیامگاہ کو بطور سرکاری قیامگاہ استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے فرنیچر کی خریدی کیلئے 3لاکھ روپئے منظور کرنے کی درخواست کی۔ حکومت نے یہ رقم منظور کرتے ہوئے ایکزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی کو رقم کے حصول کا مجاز گردانا ہے اور وہی خریداری کی تفصیلات کا اپنے پاس ریکارڈ رکھیں گے۔ جی او میں خریدے گئے فرنیچر اور ان کے بلز محکمہ جی اے ڈی میں داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔