گورنمنٹ چیف وہپ اور وہپ عہدوں پر تقررات

حیدرآباد۔/12جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں گورنمنٹ چیف وہپ اور وہپ کے عہدوں پر تقررات کئے ہیں۔ عادل آباد کے چنور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس رکن اسمبلی این اوڈیلو کو اسمبلی میں گورنمنٹ چیف وہپ اور بودھن اسمبلی حلقہ سے منتخب ٹی آر ایس رکن شکیل عامر کو وہپ مقرر کیا گیا ہے۔ ان دونوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وہپ اور چیف وہپ کو ریاستی وزیر کے مماثل مراعات حاصل ہوتی ہیں۔ این اوڈیلو نے 1994ء سے اپنے سیاسی سفر کا بی ایس پی سے آغاز کیا تھا تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔1978ء میں وہ پی ڈی ایس یو سے وابستہ رہے اور 2001ء میں ٹی آر ایس کے قیام کے بعد جدوجہد پارٹی میں شامل ہوگئے۔2007ء میں انہیں اسمبلی حلقہ کا کوآرڈینیٹر اور ضلع کا پبلسٹی سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔2008 میں انہیں ریاستی سکریٹری مقرر کیا گیا۔ 2009ء کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے چنور اسمبلی حلقہ سے سابق وزیر ونود کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ حالیہ انتخابات میں وہ دوسری مرتبہ اس حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں۔ پارٹی سے ان کی وابستگی اور خدمات کی بنیاد پر چیف منسٹر نے انہیں چیف وہپ کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ شکیل عامر بھی طویل عرصہ سے ٹی آر ایس سے وابستہ ہیں اور ان کا شمار کے سی آر کے بااعتماد رفقاء میں کیا جاتا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے ریاستی وزیر آبپاشی سدرشن ریڈی کو شکست دے کر بودھن اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ وہ اس حلقہ سے سابق میں بھی ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں۔ ان دونوں قائدین نے اسمبلی کے اہم عہدوں پر تقرر کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔