گورنمنٹ پرائمری اسکول چیلہ پورہ میں جلسہ تقسیم یونیفارم

ہیڈ ماسٹر اور اسٹاف کی ستائش۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/15مارچ، ( پریس نوٹ ) گورنمنٹ پرائمری اسکول چیلہ پورہ میں 400طلباء میں سفید یونیفارم تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری مدارس میں یونیفارم ، درسی کتب اور مڈڈے میل سربراہ کیا جاتا ہے اور سفید یونیفارم اسٹاف و ہیڈ ماسٹر کی جانب سے اٹھایا گیا قدم قابل تعریف ہے ۔ اس کے علاوہ ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے بحیثیت مہمان اعزازی اپنے بیان میں اسکول کے طلبہ کی ڈسپلن کی تعریف کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر جناب معظم خاں نے بھی شرکت کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ڈپٹی ڈی ای او آئی نہرو بابو بہادر پورہ زون نے اسکول کے نظم و ضبط اور طلباء کی خوب تعریف کی۔ سرینواس چاری ڈپٹی انسپکٹر آف اسکول بہادر پورہ نے چیلہ پورہ اسکول کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک واحد سرکاری انگریزی میڈیم اسکول ہے جو کسی پرائیویٹ اسکول سے کم نہیں ہے۔ جلسہ کا آغاز معلمہ امتہ العلیم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ صدر مدرس جناب محمد اظہر احمد نے اسکول کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور یونیفارم تقسیم کرنے کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ محمد عبدالعلیم صدر ٹی ٹی یو تلنگانہ ٹیچرس یونین ضلع حیدرآباد نے طلباء کے ڈسپلن کی تعریف کرتے ہوئے ایک اچھا شہری بن کر اپنے ماں باپ کے ساتھ ساتھ اپنا اور اپنے اسکول کا نام روشن کرنے کی صلاح دی۔ یہ جلسہ ایم ایس فنکشن ہال میں منعقد ہوا جس میں سینکڑوں طلباء کے علاوہ اولیائے طلباء اور دیگر اسکول کے اساتذہ نے شرکت کی۔جلسہ میں محمد اشفاق راشد جنرل سکریٹری ٹی ٹی یو بہادر پورہ، بی ناگیشور راؤ ٹی ٹی یو جنرل سکریٹری حیدرآباد نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔ صدر مدرس محمد اظہر احمد نے اپنے تعاون پر ایف ڈی خان کلاتھ ایمپوریم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کا تعاون برقراررکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ محمد اشفاق راشد نے شکریہ ادا کیا۔ یونیفارم کی تقسیم نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔