گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں کنٹراکٹ کی اساس پر پروفیسر کے تقررات

محکمہ صحت و طبابت سے احکامات کی اجرائی، حکومت کے اقدام پر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کا اعتراض

حیدرآباد ۔4 اگست (راست) تلنگانہ ریاست کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں کنٹراکٹ کی اساس پر 311 لکچررس کا تقرر کرنے حکومت نے فیصلہ کیا ہے جن میں 136 ریٹائرڈ پروفیسرس اور 175 نئے لکچررس شامل رہیں گے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ کنٹراکٹ کی اساس پر 311 اساتذہ میں 58 پروفیسرس، 78 اسوسی ایٹ پروفیسرس، 139 اسسٹنٹ پروفیسر اور 36 ٹوئیٹرس کی جائیدادیں شامل ہیں۔ تقررات عمل میں لانے سے متعلق پرنسپل سکریٹری محکمہ صحت و طبابت شریمتی شانتی کماری نے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست میں پائے جانے والے اور نئے قائم کئے جانے والے گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا معائنہ کرنے کیلئے جہاں میڈیکل کونسل آف انڈیا کی ٹیم دورہ کرنے والے ہے وہیں اس ٹیم کی آمد سے قبل ہی تمام کالجس میں ضرورت کے مطابق مختلف زمروں کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن صدر ڈاکٹر بی رمیش نے کنٹراکٹ کی اساس پر تقررات کے اقدامات پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک طویل عرصہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ترقی کے مواقع فراہم نہ کرتے ہوئے کنٹراکٹ کی اساس پر مختلف زمرہ کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانا ناماسب قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات کالجس میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر بی رمیش نے حکومت تلنگانہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عاجلانہ اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔