گورنر کے پاس لداخ کو صوبہ قرار دینے کے مکمل اختیارات ہیں، ہم کشمیر سے عملی طور پر آزاد ہونا چاہتے ہیں:جے ٹی نامگیال

سری نگر 7دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) خطہ لداخ کو جموں وکشمیر کا تیسرا صوبہ بنانے کی تگ و دو شروع کرنے والے نوجوان بی جے پی لیڈر جے ٹی نامگیال کا کہنا ہے کہ ہم وادی کشمیر سے عملی طور پر آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ جموں میں گورنر ستیہ پال ملک اور ان کے صلاح کاروں سے الگ الگ ملاقاتیں کرنے کے بعد لیہہ واپس پہنچنے والے جے ٹی نامگیال نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ‘جموں وکشمیر کو جموں، کشمیر اور لداخ کہا جائے ، یہ ہمارا اہم مطالبہ ہے ۔ ہم کشمیر سے عملی طور پر آزاد لداخ چاہتے ہیں۔ یہ خطہ لداخ کو یونین ٹریٹری کا درجہ دلانے کے ہمارے برحق مطالبے کی جانب ایک اور قدم ہے ۔ آپ سب کی خدمت میں لوسر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔جے ٹی نامگیال جنہیں حال ہی میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کا چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب کیا گیا، نے لیہہ سے یو این آئی کو فون پر بتایا ‘جی ہاں ہم کشمیر سے عملی طور پر آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ ہمیں ہمارا حق نہیں مل رہا۔ ہم نے خطہ لداخ کو صوبے کا درجہ دینے کا زور دار مطالبہ کیا ہے ۔ ہم انتظامی خودمختاری چاہتے ہیں’۔یہ پوچھے جانے پر کیا گورنر انتظامیہ کے پاس لداخ کو صوبے کا درجہ دینے کے اختیارات ہیں، تو نامگیال کا کہنا تھا ‘گورنر صاحب چاہیں تو صوبے کا درجہ دے سکتے ہیں۔ گورنر صاحب کے پاس مکمل اختیارات ہیں۔ ریاستی اسمبلی کے لیجسلیٹیواختیارات اس وقت گورنر کے پاس ہی ہیں’۔یہ پوچھے جانے پر کہ بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق گورنر انتظامیہ نے خطہ لداخ کو صوبے کا درجہ دینے پر غور کرنا شروع کردیا ہے ، مسٹر نامگیال کا کہنا تھا ‘صوبے کا درجہ دینے کے حوالے سے انتظامیہ کا ردعمل مثبت نظر آرہا ہے ۔ لیکن ابھی تک سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے ‘۔ تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ‘لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ قرار دینا ہمارا ایک دیرینہ مطالبہ ہے ۔ اس کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا’۔واضح رہے کہ خطہ لداخ کو جموں وکشمیر کا تیسرا صوبہ بنانے کا مطالبہ حال ہی میں زور پکڑنے لگا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مطالبے کو لیکر لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ اور کرگل میں اتفاق رائے بھی ہوگیا ہے ۔ لداخ کو صوبہ کا درجہ دینے کا مطالبہ کرگل اور لیہہ اضلاع کے درمیان اختلافات کو دورکرنے کا باعث بنتا ہوا نظر آرہا ہے کیونکہ ترقیاتی کونسل کرگل کے بعد ترقیاتی کونسل لیہہ نے بھی حال ہی میں خطہ لداخ کے بہتر انتظامی نظام کے لئے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کرکے اس مطالبے کی حمایت کی۔