گورنر کے مشیروں کی چندرا بابو سے ملاقات

حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز)نوٹ برائے ووٹ معاملے میں آندھرا پردیش چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ کی جانب سے نوٹس کی اجرائی یقینی دکھائی دے رہی ہے ۔ آج ایک تازہ تبدیلی پیش آئی جس میں گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے دو مشیروں نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے آج دوپہر ملاقات کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاستی گورنر کے مشیر اے پی وی این شرما اور مسٹر اے کے موہنتی نے چندرا بابو نائیڈو سے آج تفصیلی ملاقات کی اور نوٹ برائے ووٹ معاملے میں فون ٹیپنگ کے الزامات کے پیش نظر یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ گورنر کے مشیروں نے چندرا بابو نائیڈو سے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے دفعہ 8 سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس دفعہ کے تحت حیدرآباد کے لاء اینڈ آر ڈر کو گورنر کے حوالہ کرنے کا جواز ہے اور اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی کی اینٹی کرپشن بیورو کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد بعض متنازعہ آڈیو ٹیپ افشاء ہونے پر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت سے شکایت درج کروائی تھی اور اس معاملہ میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران گورنر کے رول پر سوالیہ نشان لگایا جس کے بعد مرکزی حکومت حرکت میں آگئی ۔