گورنر کے عہدہ کی برخاستگی کیلئے کے نارائنا کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 23اپریل ( این ایس ایس ) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ریاستی گورنرس کے عہدوں کی فی الفور برخاستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں محض سرکاری رقومات کا فضول خرچ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ریاستی گورنر صدر جمہوریہ اور ریاستوں کے درمیان ایک موثر رابطہ کے بجائے صرف معمولی سیاسی بروکرس کے طور پر تبدیل ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ دراصل صدر جمہوریہ اور مرکز کو خوش کرنے گورنر کی بیجا کوشش کی تھی ۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ اب گورنر کی بازطلب کے مطالبہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گورنر کے عہدہ کو ہی برخاست کردیا جانا چاہیئے ۔