حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے مشیروں کی حیثیت سے تعینات کئے گئے ۔ مسٹر این رائے سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مہاراشٹرا اور مسٹر صلاح الدین احمد ( آئی اے ایس ) سابق چیف سکریٹری حکومت راجستھان نے ریاستی گورنر سے ملاقات کی اور اپنی نئی ذمہ داریوں کا ریاستی سکریٹریٹ میں جائزہ حاصل کرلیا۔
باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ دونوں ہی مشیران بڑے ریاستی گورنر کو سکریٹریٹ میں چیمبرس الاٹ کئے گئے ۔ سکریٹریٹ میں واقع ڈی بلاک کے گراؤنڈ فلور میں آٹھ وسیع کمرے انہیں مختص کئے گئے ۔
اس کے علاوہ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے ان دونوں مشیران برائے ریاستی گورنر کو مختلف محکمہ جات بھی الاٹ کرتے ہوئے ( محکمہ جات کی ذمہ داری سونپتے ہوئے ) احکامات جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں صدر راج کے نفاذ اور ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے عمل میں گورنر کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے دو مشیروں کو تعینات کیا۔ ان دونوں مشیروں نے اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرنے پر ریاستی چیف سکریٹری نے مسٹر صلاح الدین احمد کو 16محکمہ جات اور اے این رائے کو 11 محکمہ جات الاٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ لہذا ان محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹریز تمام فائیلس ان مشیروں کے ذریعہ ہی ریاستی گورنر کو روانہ کرنا ہوگا۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ مسٹر اے این رائے انہیں مختص کردہ چیمبر میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔