گورنر کی آج دہلی روانگی، مرکزی قائدین سے ملاقات

حیدرآباد 11 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے مشورہ پر 15 فبروری کے بعد ہی چیف منسٹر عہدے پر برقرار رہنے یا نہ رہنے پر کوئی فیصلہ کریں گے۔ جبکہ یہ اطلاعات پائی جارہی تھیں کہ مسٹر کرن کمار ریڈی 13 فبروری کو اپنی سیاسی حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کردیں گے۔ لیکن چیف منسٹر نے اب اپنے اس فیصلہ کو ملتوی رکھنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ چیف منسٹر کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو گزشتہ دن راج بھون مدعو کیا تھا۔ زائداز نصف گھنٹہ تک ریاست کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ کیا تھا۔ گورنر نے مسٹر کرن کمار ریڈی کو ان کے غیاب میں کوئی اقدام نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ گورنر نے اُنھیں بتایا کہ وہ 12 فبروری کو دہلی کے سہ روزہ دورہ پر روانہ ہورہے ہیں اور وہ دہلی میں قیام کے دوران 13 اور 14 فبروری کو دہلی میں صدرجمہوریہ ہند کی صدارت میں منعقد ہونے والی گورنر کانفرنس میں شرکت کریں گے

اور اس طرح مسٹر نرسمہن اپنے قیام دہلی کے دوران تلنگانہ مسودہ بِل کے مسئلہ پر حقیقی صورتحال سے آگہی حاصل کریں گے اور مختلف مرکزی قائدین سے ملاقات کے بعد حیدرآباد واپسی 15 یا 16 فبروری کو متوقع ہے۔ راج بھون کے باوثوق ذرائع کے مطابق گورنر نے مسٹر کرن کمار ریڈی کو چیف منسٹر عہدہ سے استعفیٰ نہ دینے کی ترغیب دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 15 فبروری کے بعد یا 21 فبروری کو چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے اور اسمبلی کو تحلیل کرنے کے اقدامات کی قوی توقع ہے۔