حیدرآباد /19 جون (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے دباؤ کے بعد چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وزراء اور پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ گورنر کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔ واضح رہے کہ ٹیلیفون ٹیاپنگ اور سیکشن 8 کے مسئلہ پر آندھرا پردیش کے وزراء، تلگودیشم ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین نے دستوری عہدوں کا لحاظ کئے بغیر گورنر این نرسمہن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور آندھرا پردیش سے امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا تھا، جس پر گورنر کو صدمہ پہنچا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ آندھرا پردیش حکومت کے وزراء اور دیگر قائدین کے خلاف گورنر نے مرکز سے شکایت کرتے ہوئے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی، لیکن مرکز نے انھیں تسلی دیتے ہوئے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کرنے کا مشورہ دیا اور وزارت داخلہ کی جانب سے گورنر کا احترام کرنے تلگودیشم حکومت کو احکامات جاری کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے وزراء اور تلگودیشم قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ گورنر کے خلاف کسی قسم کے ریمارکس سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش کے ریاستی وزیر لیبر اچم نائیڈو نے گورنر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، لیکن اب وہ گورنر کے خلاف اس طرح کے الفاظ کے استعمال پر افسوس ظاہر کر رہے ہیں۔