کمیشن سے دو سمینارس منعقد کرنے کا منصوبہ ، عابد رسول خاں چیرمین کا بیان
حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو اپنی سالانہ رپورٹ پیش کردی۔ صدرنشین کمیشن عابد رسول خاں نے ارکان، سردار سرجیت سنگھ، گوتم جین، پروفیسر مقبول باشاہ، محترمہ قرۃ العین حسن اور ہردے ناتھ سنگھ ٹھاکر کے ہمراہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی۔ کمیشن نے مالیاتی سال 2015-16 کے علاوہ گذشتہ دو برسوں 2013-14 اور 2014-15کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے علاوہ کمیشن کی جانب سے کئے گئے مختلف سروے رپورٹس اور سفارشات پر مشتمل ایک کتاب بھی گورنر کے حوالے کی۔ عابد رسول خاں نے گورنر کو بتایا کہ ریاستی اقلیتی کمیشن اقلیتوں کے مسائل پر دو مختلف سمینارس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیوں اور سوشیل میڈیا پر دہشت گرد تنظیموں سے مبینہ روابط سے بچنے کے بارے میں نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے سمینار اور مشاورتی سیشن کی تجویز ہے۔ اس میں ممتاز شخصیتوں، مذہبی قائدین، پولیس عہدیداروں، تعلیمی ماہرین، سوشیل میڈیا کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔ آئندہ ہفتہ سمینار کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔ کمیشن نے ملک کے تمام اقلیتی کمیشنوں کی قومی کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تمام کمیشنوں کے صدور نشین حصہ لیں گے جس میں قومی اہمیت کے حامل مسائل زیر بحث ہوں گے۔ گورنر نے صدرنشین اور کمیشن کے ارکان کی بغور سماعت کی اور ان کی سرگرمیوں اور خدمات کو سراہا جو اقلیتی طبقات کی بھلائی کیلئے انجام دی جارہی ہیں۔