تلگودیشم کے انتخابی منشور کے مماثل، جگن کے ردعمل پر وائی رام کرشنو کی تنقید
حیدرآباد ۔22 جون (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن آندھراپردیش مسٹر جگن موہن ریڈی نے گورنر کے خطبہ کو مایوس کن تلگودیشم کے انتخابی منشور کے مترادف قرار دیا۔ ریاستی وزیرفینانس و اسمبلی امور مسٹر وائی رام کرشنوڈو نے سخت جواب دیتے ہوئے استفسار کیا کہ گورنر کا خطبہ تلگودیشم کے انتخابی منشور کے بجائے کیا وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے منشور کے مترادف ہوگا؟ آندھراپردیش کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے گورنر نرسمہن نے خطاب کیا جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ گورنر کا خطاب مایوس کن ہے اور عوام کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ تلگودیشم پارٹی نے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں اس کو پورا کرانے کیلئے حکومت پر دباؤ بنائے گی۔ آندھراپردیش کے وزیرفینانس و اسمبلی امور مسٹر وائی رام کرشنوڈو نے جگن موہن ریڈی کے ریمارکس کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ تلگودیشم پارٹی کو نئی وجود میں آنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر کے خطبہ میں تمام چیزوں کا احاطہ کرنا ممکن نہیں ہے جو بھی چھوٹ گیا ہے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو گورنر کے اظہارتشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اس کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً گورنر کا خطبہ تلگودیشم کے انتخابی منشور کے طرزپر ہوگا کیا ہم تھوڑا ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور سے گورنر کا خطاب کرائیں گے۔ عوام نے فیصلہ کردیا ہے۔ تلگودیشم حکومت میں رہے گی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن میں رہے گی جگن موہن ریڈی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کریں۔