گورنر نے محکمہ پولیس میں تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے محکمہ پولیس کی تقسیم کے مسئلہ پر محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں بشمول ڈی جی پی مسٹر بی پرساد راؤ کے ہمراہ اجلاس طلب کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ یہ اجلاس راج بھون میں منعقد کیا گیا۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو کثیر تعداد شریک تھی۔ راج بھون ذرائع نے کہاکہ اجلاس میں محکمہ پولیس میں اسٹاف کی تعداد کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں پرنسپال سکریٹری محکمہ داخلہ مسٹر ٹی پی داس نے ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں علاقوں کیلئے پولیس سے استفادہ کرنے سے متعلق مرتب کردہ ایک رپورٹ گورنر کو پیش کردی ہے ۔ اس کے ساتھ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی گورنر نے ریاست کی تقسیم اور 2 جون یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کی تاریخ مقرر کئے جانے کی روشنی میں تمام محکمہ جات اور ریاست کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کیلئے ہر روز اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دے رہے ہیں۔