نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میزورم کے گورنر عزیز قریشی جنھوں نے مرکز کے ساتھ تصادم کی روش اختیار کی تھی اور انھیں عہدہ سے ہٹادینے کی کوشش کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے، وہ آج اچانک برطرف کردیئے گئے۔ راشٹرپتی بھون کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ گورنر میزورم کی حیثیت سے عزیز قریشی کو سبکدوش کردیا گیا ہے جبکہ گورنر مغربی بنگال کیسری ناتھ ترپاٹھی کو متبادل انتظامات تک گورنر میزورم کی اضافی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اگرچیکہ عزیز قریشی کی میعاد مئی 2017 ء تک تھی لیکن وہ کملا بنوائی کے بعد دوسرے گورنر ہیں جنھیں عہدہ سے اچانک ہٹادیا گیا ہے۔ عزیز قریشی کو سابقہ یو پی اے حکومت نے گورنر کے عہدہ پر نامزد کیا تھا اور مرکز میں حکومت کی تبدیلی کے بعد انھیں عہدہ چھوڑ دینے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن وہ گورنر جھارکھنڈ کی حیثیت سے ہٹادینے کی کوششوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے، جس کے بعد انھیں میزورم منتقل کردیا گیا ۔ عزیز قریشی واحد گورنر تھے جنھوں نے مرکزی حکومت کے اقدام کو للکارا تھا۔ آج ان کی اچانک برطرفی سے سیاسی حلقوں میں تجسس پیدا ہوگیا۔ اور اب دیکھنا یہ ہیکہ ان کا اگلا قدم کیا ہوگا۔