ممبئی ۔24اگست (سیاست ڈاٹ کام ) میزورم تبادلہ کردیئے جانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی گورنرمہاراشٹرا کے شنکر نارائنن نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ۔ انہوں نے عملاً مرکز پر تنقید کی کہ سیاسی انتقام کے حصہ کے طور پر انہیں مہاراشٹرا سے میزورم تبادلہ کردیا گیا۔ انہوں نے مرکز کی ہدایت قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ 82سالہ شنکر نارائنن کیرالا سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سینئر لیڈر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عہدہ پر متنازعہ طریقہ سے برقرار رہنا نہیں چاہتے ‘ انہوں نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو اپنا استعفیٰ روانہ کردیا ہے ۔
ان کی میعاد 6مئی 2017ء کو ختم ہورہی تھی ۔ راج بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شنکر نارائنن نے کہا کہ میں گورنر کی حیثیت سے برقرار رہنا نہیں چاہتا ‘ یہ میرے لئے ممکن نہیں ہے کہ میں میزورم جاؤں۔ میرے تبادلے کے پیچھے کئی سیاسی وجوہات ہیں‘ میں ہمیشہ سیاسی کھیل نہیں کھیلا ہے‘ میں دستور کا احترام کرتا ہوں اور گورنر کا عہدہ دستور کے شایان شان ہے۔ کل رات دیر گئے جاری کردہ راشٹرپتی بھون کے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ شنکر نارائنن کو میزورم تبادلہ کردیا گیا ہے اور مہاراشٹرا کی زائدذمہ داری گجرات کے گورنر اوم پرکاش کوہلی کو تفویض کی گئی ہے ۔