گورنر منی پور سید احمد کا ممبئی میں انتقال

صدرجمہوریہ ، نائب صدر ، وزیراعظم اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے پیامات تعزیت
ممبئی / نئی دہلی ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر منی پور سید احمد کا آج صبح ایک خانگی دواخانہ میں انتقال ہوگیا ۔ وہ کینسر کے مریض تھے اور لیلاوتی ہاسپٹل باندرہ میں گزشتہ ہفتہ شریک کئے گئے تھے ۔ ان کی عمر 70 سال تھی ۔ ورثہ میں بیوی ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے /26 مئی 2015 ء کو گورنر منی پور کی حیثیت سے حلف لیا تھا ۔ وہ مہاراشٹرا کے سابق کانگریس قائد تھے جنہیں شمال مشرقی ریاست جھارکھنڈ /26 اگست 2011 ء کو گورنر کے عہدہ پر منتقل کردیا گیا تھا ۔ اس وقت مرکز میں یو پی اے حکومت برسراقتدار تھی ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اپنے پیام تعزیت میں ان کی بیوی سید حسن تارہ کو کہا کہ انہیں گورنر سید احمد کے انتقال پر گہرہ رنج ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور خداوند تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ انہیں اور دیگر ارکان خاندان کو ہمت اور صبر عطا کرے ۔ نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہاراشٹرا کے صفحہ اول کے سیاسی قائد تھے ۔ ان کی موت سے ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک تجربہ کار قائد کے انتقال سے انہیں گہرا رنج پہونچا ہے ۔ وہ کئی عہدوں پر فائز رہ چکے تھے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے منی پور گورنر سید احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ آئندہ کئی دن تک ان کی کمی محسوس کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے عوامی زندگی میں کافی کارنامے انجام دیئے ہیں ۔