گورنر مغربی بنگال کافساد زدہ علاقوں کا دورہ، امن کیلئے اپیل

آسنسول ؍ رانی گنج ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گورنر مغربی بنگال کے این ترپاٹھی نے آج فساد زدہ علاقوں آسنسول اور رانی گنج کے متاثرین کے پاس پہنچے اور امن کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے تہواروں کا احترام کرنا چاہئے۔ ضلع بردھامن کے علاقہ رانی گنج میں پیر کو رام نومی جلوس کے بارے میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں پیش آئیں جن کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا اور دو پولیس آفیسرز کو شدید زخم آئے۔ یہ تشدد آسنسول کے علاقوں تک پھیل گیا، جس پر پولیس کو ضلع کے گڑبڑزدہ علاقوں میں انٹرنٹ سرویسز معطل کرتے ہوئے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام لاگو کرنا پڑا۔ ریاستی گورنر آج صبح آسنسول پہنچے ، پولیس اور نظم و نسق کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔