گورنر سے چیف منسٹر کے سی آر کی ملاقات

برقی کے مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو کے رویہ کے خلاف شکایت

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( این ایس ایس) : تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ پی پی ایز کی منسوخی ، پولاورم آرڈیننس ، آبپاشی کے پرانے پراجکٹوں کی تکمیل نئے پراجکٹوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ مرکز سے رجوع کئے جانے والے مسائل پر چیف منسٹر نے گورنر سے مشورہ کیا ۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر ایک یا دو دن میں دہلی کا دورہ کریں گے ۔ جس سے قبل گورنر سے ان کی اس ملاقات کو نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر نے گورنر کے ساتھ تقریباً نصف گھنٹہ گذارا ۔ اس دوران مرکز سے رجوع کئے جانے والے کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر نے آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصب چندرا بابو نائیڈو کے مبینہ معاندانہ رویہ سے گورنر کو واقف کروایا اور الزام عائد کیا کہ توانائی کے مسئلہ پر وہ ( چندرا بابو نائیڈو ) تلنگانہ کے عوام اور حکومت کو الجھن زدہ کرنے کی دانستہ کوششوں میں مصروف ہیں ۔۔