نلگنڈہ انکائونٹر واقعہ کی تفصیلات سے کے چندر شیکھر رائو نے واقف کروایا
حیدرآباد 5 اپریل (سیاست نیوز)چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے مشترکہ ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے خیر سگالی ملاقات کی۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو آج راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کے دوران کافی دیر تک بات چیت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دن ضلع نلگنڈہ میں پیش آئے پولیس فائرنگ اور دو مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تفصیلات سے گورنر کو واقف کروایا اور حکومت کی جانب سے ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی واقف کروایا۔ راج بھون کے باوثوق ذرائع نے تبایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راونے ریاست کی تقسیم کے بعد زیر التواء بعض اہم مسائل لا اینڈ آرڈر کی صورتحال وغیرہ جیسے اہم امور پر گورنر سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے گورنر سے اپنی ملاقات کے دوران گذشتہ دن پیش آئے پولیس فائرنگ واقعہ کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ بھی مسٹر نرسمہن کو پیش کیا ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہیکہ گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے گذشتہ ہفتہ دورہ دہلی سے متعلق بھی دونوں کے مابین بات چیت ہوئی اور دہلی میں ریاست کے در پیش بعض مسائل پر بھی مرکزی وزراء و اعلی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کئے جانے سے متعلق گورنر نے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔ اس موقع پر بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے ہائی کورٹ کی تقسیم کے علاوہ دیگر بعض اہم مسائل کا گورنر سے بات چیت کے دوران اعادہ کیا ۔