گورنر سے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کی ملاقات

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور انہیں 23تا 27ڈسمبر میدک میں ہونے والے چنڈی یگنہ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ چیف منسٹر نے یگنہ کے انتظامات کی تفصیلات سے گورنر کو واقف کرایا۔ اس یگنہ کیلئے ملک بھر سے 4000 ویدک پنڈتوں کو مدعو کیا گیا ہے، اس کے علاوہ صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، مختلف مرکزی وزراء اور چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو کو ابھی تک رسمی طور پر دعوت نامہ روانہ نہیں کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر کو میدک کے ایرواپلی میں یگنہ کے انتظامات اور تیاریوں سے واقف کرایا۔ یگنہ کے آغاز سے قبل چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات نے شانتی پوجا میں شرکت کی ہے۔ چیف منسٹر زیادہ تر اپنے فارم ہاوز میں قیام کرتے ہوئے انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ چنڈی یگنہ ہندو دھرم کے اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے انعقاد کیلئے عام پنڈتوں کے بجائے سرکردہ پنڈتوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو اس طرح کے یگنہ کے انعقاد کے ماہر تصور کئے جاتے ہیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل ہی اس طرح کا یگنہ منعقد کیا تھا اور اب اس یگنہ کا مقصد تلنگانہ کی تشکیل کیلئے اظہار تشکر کرنا ہے۔