گورنر جموں و کشمیر کی راجناتھ سنگھ سے ملاقات

نئی دہلی۔10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک نے آج مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جہاں شہری مجالس مقامی کے لیے انتخابات جاری ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ نصف گھنٹے کی ملاقات کے دوران گورنر نے راجناتھ کو ریاست میں بالخصوص عسکریت پسندی سے متاثرہ وادیٔ کشمیر میں لا اینڈ آرڈر کے تعلق سے واقف کرایا۔ آج کی میٹنگ سے واقف ایک عہدیدار نے کہا کہ گورنر نے وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر میں جاری شہری مجالس مقامی کے چنائو کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ یہ ریاست موجودہ طور پر گورنر راج کے تحت ہے اور ستیہ پال اس ریاست کے انتظامی سربراہ ہیں۔ چار مرحلے والے شہری مجالس مقامی چنائو کا دوسرا مرحلہ آج چل رہا ہے۔ عسکری گروپوں کے دھمکیوں نے عوام کی اصلیت کو وادی کشمیر میں پولنگ بوتھ سے دور رکھا ہے جہاں پیر کو پولنگ کے پہلے مرحلہ میں محض 8.3 فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی۔ جموں اور لداخ ڈیویژنوں میں زائد از 65 فیصد رائے دہندوں نے پیر کو شہری مجالس مقامی کے چنائو کے پہلے مرحلہ میں ووٹ ڈالے۔