حیدرآباد ۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) گورنر آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے آج احاطہ اسمبلی میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نصب کردہ مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ متحدہ آندھرا اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تائید میں نعرہ بازی کے دوران منعقدہ اس تقریب میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے بیشتر ارکان اسمبلی موجود تھے۔ احاطہ اسمبلی میں امبیڈکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں اسپیکر اسمبلی مسٹر این منوہر، چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی، مسٹر این چندرا بابو نائیڈو قائد اپوزیشن، مسٹر اے چکراپانی صدرنشین آندھراپردیش قانون ساز کونسل، مسٹر ایم بٹی وکرمارک ڈپٹی اسپیکر، مسز جے گیتاریڈی، مسٹر وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا، مسٹر محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل، مسٹر اوما مادھو ریڈی رکن اسمبلی کے علاوہ کانگریس، وائی ایس آر کانگریس، تلگودیشم و دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل موجود تھے۔
گورنر آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جیسے ہی مجسمہ کی نقاب کشائی کیلئے پہنچے اس وقت سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل نے متحدہ آندھراپردیش کی حمایت میں نعرے بازی شروع کردیئے، جس کے جواب میں علاقہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل نے علحدہ ریاست کی حمایت میں نعرے بازی شروع کئے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ارکان اسمبلی مسٹر ای راجندر، مسٹر ٹی ہریش راؤ، مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ مسٹر گمپاگوردھن اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں ارکان اسمبلی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور مجسمہ پر گلہائے عقیدت چڑھائے گئے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے کمشنر آف پولیس مسٹر انوراگ شرما کی راست نگرانی میں اس تقریب نقاب کشائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔