حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر، ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے2اکٹوبر کو ٹینک بنڈ پر منائے جانے والے پھولوں کے تہوار سدولا بتکماں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق گورنر ای ایس ایل نرسمہن کل اس تہوار کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر ان کی شریک حیات شریمتی ویملا نرسمہن کے علاوہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی شریک حیات شوبھا راؤ، دختر کے کویتا ایم پی اور دیگر ارکان خاندان بھی موجود رہیں گے۔ بڑے پیمانے پر منائی جانے والی اس تقریب میں متعدد ممتاز شخصیات بالخصوص خواتین کو مدعو کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے متعلقہ سرکاری عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس تقریب کو یادگار بنائیں اور اس کیلئے تمام موثر اقدامات کئے جائیں۔ یہ پروگرام ایک ریالی کی شکل میں لال بہادر اسٹیڈیم سے شروع ہوگا اور ٹینک بنڈ پر اس کا اختتام عمل میں آئے گا۔ اس دوران لیزر شوز، آتشبازی اور رقص و موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے تہذیبی گروپس مختلف پروگرامس پیش کریں گے۔ پولیس کی جانب سے اس تقریب کے موقع پر تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اور پرامن انعقاد کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔