احمدآباد 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات پولیس نے 2002 ء کے گودھرا فسادات کے 16 سال سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 63 سالہ یعقوب پٹالیہ کو آج صبح اس محلہ میں نظر آنے کی خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بی ڈیویژن پولیس نے گودھرا سے گرفتار کیا۔ پولیس نے کہاکہ گودھرا بی ڈیویژن پولیس کی ایک ٹیم کو پٹرولنگ کے دوران ملزم کے بارے میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جس کے فوری بعد اُس کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا جو اس مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ پٹالیہ پر الزام ہے کہ وہ اس ہجوم کا حصہ تھا جس نے 27 فروری 2002 ء کو گودھرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سابرمتی ایکسپریس کے کوچوں کو نذر آتش کیا تھا جس کے نتیجہ میں 59 کارسیوک ہلاک ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اس کے خلاف ستمبر 2002 ء میں ایف آئی آر درج کیا گیا تھا۔ یعقوب کے بھائی قادر پٹالیہ کو 2015 ء میں گرفتار کیا گیا تھا اور دوران قید جیل میں فوت ہوگیا تھا۔ اس کا ایک اور بھائی ایوب پٹالیہ ودودرہ سنٹرل جیل میں عمر قید بھگت رہا ہے۔