گودھرا میں فرقہ وارانہ تصادم ، 6 زخمی

گودھرا۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے شہر گودھرا میں ٹریفک کے کسی مسئلہ پر عوام کے دو گروہوں میں بحث و تکرار کے بعد تصادم کے نتیجہ میں کم سے کم 6 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ گزشتہ رات کھادن فالیہ میں پیش آیا۔ گودھرا میں ڈیویژن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایم سی سنگیتانی نے کہا کہ ’’مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے دو گروہوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی اور اس کے ارکان سنگباری میں ملوث ہوگئے۔ ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی طرف سے آنسو گیاس کے 3 شیلس برسائے گئے۔ پولیس افسر نے مزید کہا کہ اس علاقہ سے گذرنے والے آٹو رکشا ڈرائیور نے روڈ پر موٹر سائیکل پارک کئے جانے پر اعتراض کیا تھا۔ جب اس نے مالک کو اپنی موٹر سائیکل ہٹانے کیلئے کہا تو موٹر سائیکل مالک نے اس سے بحث و تکرار شروع کردی۔ پولیس افسر نے کہا کہ ’’بحث و تکرار جیسے ہی تصادم میں تبدیل ہوئی۔ دونوں طبقات کے ارکان نے ایک دوسرے پر حملوں کا آغاز کردیا۔ ہم اس مقام پر پہونچے تو صورتحال پر قابو پانے کے لئے آنسو گیاس کے 3 شیلس چھوڑے‘‘۔ سنگیتانی نے کہا کہ ’’اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم ہنوز کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے‘‘۔