گوداوری پشکرم کیلئے 1,300 کروڑ روپئے منظور ‘ اے پی حکومت

راجمنڈری 10 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا نے آج کہا کہ ریاستی حکومت نے گوداوری پشکرم تہوار کیلئے 1,300 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جس کا یکم جولائی سے آغاز ہونے والا ہے ۔ وزیر موصوف نے پشکرم کے سلسلہ میں تیاریوں کا ایک اجلاس میں جائزہ لیا اور انہوں نے مختلف محکمہ جات کے مابین زبردست تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تیاری کے کاموں کی تکمیل کا انحصار مختلف محکمہ جات کے مابین تعاون پر ہے ۔ ہر محکمہ کو دوسرے محکمہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام کام تیزی سے تکمیل پاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس تہوار کے لئے 1,300 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ اس رقم کے منجملہ 240 کروڑ روپئے کی رقم مجلس بلدیہ راجمنڈری کیلئے جاری کردی گئی ہے ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد یہ پہلی مرتبہ پشکرم کا انعقاد عمل میں لاایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کاموں کو تیزی سے آگے بڑھاکر بروقت مکمل کرنے کی ضرورت ہے اور تمام محکمہ جات کو اس میں ذمہ دارانہ رول ادا کرنا چاہئے ۔