گوداموں پر دھاوے کرنے سی پی آئی کا انتباہ

حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سی پی آئی قائدین کی جانب سے منظم کردہ احتجاج کے دوران ڈاکٹر کے نارائنا سینئر قائد سی پی آئی نے سعیدآباد منڈل آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا پروگرام میں حصہ لیا، حکومت تلنگانہ کے خلاف سخت احتجاجی نعرے بلند کئے گئے۔ اشیائے ضروریہ کی اضافہ شدہ قیمتوں میں فی الفور کمی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا بصورت دیگر گوداموں پر دھاوے کرنے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے نارائنا سی پی آئی قائد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ بنانے کا وعدہ کرکے اقتدار حاصل کیا لیکن آج وہی مسٹر چندر شیکھر راو غریب عوام کے راشن کارڈز کو ختم کردینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں بلکہ ایک منصوبہ بند سازش کررہے ہیں۔