گوتم سوانگ نے اے پی کے نئے ڈی جی پی کی ذمہ داری سنبھال لی

حیدرآباد یکم جون (یواین آئی)آئی پی ایس عہدیدار گوتم سوانگ نے اے پی کے نئے ڈی جی پی کی ذمہ داری سنبھال لی۔حال ہی میں منعقدہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کو شکست دیتے ہوئے اقتدار پر فائز ہونے کے بعد وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ و ریاست کے وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے اعلی عہدیداروں میں ردوبدل کیاتھا جس کے مطابق سوانگ کو ریاست کا نیاڈی جی پی مقرر کیاگیا تھا۔آج انہوں نے اپنے نئے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔پولیس کے اعلی عہدیداروں نے نئے ڈی جی پی کو مبارکباد پیش کی اور ان کو گلدستے پیش کئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سوانگ نے کہاکہ ریاست میں لا اینڈآرڈر کی برقراری کو ترجیح دی جائے گی۔گوتم سوانگ ویجنلس اینڈ انفورسمنٹ کے ڈی جی بھی ہوں گے ۔ ریاستی حکومت نے جمعرات کی شب ایک جی او جاری کرتے ہوئے چا رآئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے تھے ۔سوانگ 1986بیاچ کے آئی اے ایس ہیں۔ڈی جی پی کی ذمہ داری سنبھالنے پر ان کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹرسوانگ نے کہا کہ حکومت نے ان پر بڑی بھاری ذمہ داری ڈالی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اے پی کا محکمہ پولیس ملک کے بہترین محکمہ پولیس میں سے ایک ہے ۔انہوں نے کہاکہ اے پی پولیس ملک میں نمبرون ہے ۔