کانگریس کی انتخابی مہم ، قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر گوا میں طوفانی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، کئی جلسوں سے خطاب کرنے کے بعد کہا کہ گوا کے عوام بی جے پی حکمرانی سے بدظن ہوچکے ہیں۔ کانگریس پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ جنرل سیکریٹری اے آئی سی سی ڈگ وجئے سنگھ کی ہدایت پر گزشتہ پانچ دن سے گوا میں قیام کرتے ہوئے محمد علی شبیر پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں 14 لاکھ رائے دہندے 4 فروری کو حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ گوا میں جملہ اسمبلی حلقوں کی تعداد 40 ہے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقہ واسکوڈی گاما سے ایک مسلم امیدوار کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے۔ تمام 40 اسمبلی حلقوں اور عوام گوا میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ 5 سال قبل انتخابات میں بی جے پی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے، اس کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جس سے گوا کے عوام بی جے پی سے بدظن ہیں اور اس کو شکست دیتے ہوئے دوبارہ کانگریس کو اقتدار سونپا چاہتے ہیں۔ کانگریس پارٹی کا منشور متاثرکن ہے ۔ عوام اس پر بھروسہ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد علی شبیر پارٹی کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ گھر گھر پہونچ کر عوام سے ملاقات کررہے ہیں۔ جلسہ عام اور کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی ناکامیوں کا پردہ فاش کررہے ہیں اور کانگریس کی سیکولر پالیسیوں کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے عوام سے کانگریس کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کررہے ہیں۔ بی جے پی کے دور حکومت میں گوا ترقی سے محروم ہوگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے بیروزگاری نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ مودی کے ’’اچھے دن‘‘ ابھی تک نہیں آئے، ملک کی 29 ریاستوں میں ایسی کئی ریاستیں ہیں جہاں کا وزیراعظم آج تک دورہ نہیں کیا مگر ابھی تک تقریباً 40 بیرونی ممالک کا دورہ کرچکے ہیں۔ گوا کا کلچر بی جے پی کی حکمرانی میں تباہ و برباد ہوگیا ہے۔ مقامی عوام اور تاجرین کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی ہے جس سے مقامی نوجوانوں میں غم و غصہ کی لہر چل رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کا انتخابی منشور سماج کے تمام طبقات کی عکاسی کرتا ہے اور امن و امان اور روزگار فراہم کرنے کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ لائسنس یافتہ طلبہ کو کانگریس نے ماہانہ 5 لیٹر پٹرول مفت دینے کا اعلان کیا ہے جس سے طلبہ اور نوجوانوں میں کافی جوش و خروش پیدا ہوگا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ وہ 26 جنوری کو شام میں حیدرآباد پہونچیں گے اور دوسرے دن 27 جنوری کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے نوٹ بندی کے احتجاجی پروگرام میں حصہ لینے کے بعد دوبارہ گوا کیلئے روانہ ہوجائیں گے، جہاں انتخابی مہم کے اختتام تک قیام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔