گوا کی جیل میں خطرناک مجرم کا قتل

پناجی۔/26 جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی گوا میں واقع کولوالے جیل میں زر تاوان کی وصولی اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں قید ایک گینگسٹر کو آج صبح اس کے ایک ساتھی نے قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ اشفاق عباس بینگری پر آج صبح 9 بجے تیز دھاری ہتھیار سے اسوقت حملہ کردیا گیا جب اسے ایک کیس کے سلسلہ میں عدالت میں پیشی کیلئے جیل سے باہر لایا جارہا تھا۔ اسے فی الفور ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے بتایا کہ 40 سالہ گینگسٹر کے خلاف کرناٹک، گوا اور چندی گڑھ میں تاوان کی وصولی اور منشیات کی فروخت کے الزامات میں کیس درج ہیں۔ گوا اسمبلی میں یہ مسئلہ اُٹھانے پر چیف منسٹر لکشمی کانت پاریکر نے بتایا کہ اس واقعہ کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ چندی گڑھ پولیس نے گذشتہ سال مئی میں گینگسٹر کو گرفتار کرنے کے بعد ٹرانسفر ریمانڈ پر گوا منتقل کہا گیا تھا۔

 

کشمیر میں 4 غیر ملکی
عسکریت پسند ہلاک
سرینگر ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب نوگام سیکٹر میں انکاونٹر کے دوران سیکوریٹی فورسیس نے آج 4 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ پکڑ لیا ۔ فوج کے ترجمان نے یہ اطلاع دی اور بتایا تمام مہلوک عسکریت پسند غیر ملکی شہری ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقہ میں سیکوریٹی فورسیس کی کارروائی جاری ہے۔