پاناجی ۔ /15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں بی جے پی حکومت نے /2 اکٹوبر گاندھی جینتی کو عام تعطیلات کی فہرست سے حذف کردیا ہے ۔ حکومت کا یہ فیصلہ ملک گیر سطح پر احتجاج اور عوامی برہمی کا سبب بن سکتا ہے ۔ حکومت نے جاریہ سال کا کیلنڈر کل جاری کیا جس میں بابائے قوم کی یوم پیدائش گاندھی جینتی کو تعطیل نہیں بتائی گئی ۔ ریاست میں کئی ارکان اسمبلی نے اس فیصلہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ایسے دن یہ کیلنڈر جاری کیا جس میں کمرشیل اور انڈسٹریل تعطیلات کی فہرست میں اسے حذف کیا گیا ہے جبکہ اسی دن لندن میں گاندھی جی کے مجمسہ کی نقاب کشائی عمل میں آئی ۔
ملک بھر میں کئی دہوں سے گاندھی جینتی منائی جاتی رہی ہے ۔ اس دن بالخصوص ان کی خدمات کو یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے عدم تشدد کی راہ اپناتے ہوئے ملک کو انگریزوں سے آزادی دلائی تھی ۔ اگرچہ حکومت نے اس فیصلہ کی وجوہات نہیں بتائی اور کوئی رسمی وضاحت بھی جاری نہیں کی لیکن جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس فیصلہ کو حکومت کی منظوری حاصل ہے ۔ گوا چیف منسٹر لکشمی کانت پرسیکر اس مسئلہ پر تبصرہ کیلئے دستیاب نہ ہوسکے ۔ آزاد اپوزیشن رکن اسمبلی وجئے سردیسائی نے کہا کہ ہمیں اس بات پر حیرت ہے کہ یہ اقدام اس دن کیا گیا جس دن لندن میں پارلیمنٹ اسکوائر میں گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی گئی ۔
یہ انتہائی تعجب کی بات ہے کہ بابائے قوم کی یوم پیدائش کو تعطیلات کی فہرست سے حذف کیا گیا ہے ۔ کیا بی جے پی کی یہی قوم پرستی ہے ؟ گوا کے راجیہ سبھا رکن شانتارام نائیک نے حکومت کے فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا بی جے پی قائدین یہ دعویٰ کرتے ہیں وہ گاندھی جی کی بے انتہا عزت کرتے ہیں اور انہوں نے حالیہ دنوں میں ان کی پوجا بھی شروع کی تھی ۔ لیکن در حقیقت وہ موقع ملتے ہی ان کی توہین سے باز نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل ’’سوچھ بھارت‘‘ کے نام پر گاندھی جی کے نام جس شکل میں بھی پایا جاتا ہے ان سب کا صفایا کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کل راجیہ سبھا میں یہ مسئلہ اٹھانے کا اعلان کیا ۔ منوہر پریکر جس وقت گوا کے چیف منسٹر تھے ان کی حکومت نے چند عام تعطیلات بشمول گاندھی جینتی ، گڈفرائیڈے اور اولڈ گوافیسٹ کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن عوامی برہمی کے باعث ایسا نہ ہوسکا تھا ۔ اس دور ان چیف منسٹر لکشمی کانت پرسیکر نے بعد ازاں کہا کہ عام تعطیلات میں /2 اکٹوبر کی تعطیل کو حذف کرنا نادانستہ حرکت یا ٹائپنگ کی غلطی ہوسکتی ہے ۔