گوا میں کانگریس کی انتخابی مہم، محمد علی شبیرکی شرکت

پارٹی کو اکثریت سے کامیابی کا تیقن، قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل کا ادعا
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہاکہ گوا میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے اقتدار حاصل کرے گی۔ وہ 23 جنوری سے 2 فبروری تک گوا میں قیام کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی ڈگ وجئے سنگھ نے محمد علی شبیر کو گوا انتخابات کیلئے پارٹی اسٹار کمپینر نامزد کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جب قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ 23 جنوری کو گوا کیلئے روانہ ہوں گے جہاں 4 فبروری کو انتخابات مقرر ہے۔ 2 فبروری تک گوا میں قیام کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ گوا میں بی جے پی حکومت عوام کی توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے وہ بھی پورے نہیں کئے گئے۔ مرکز میں بی جے پی حکومت کی تشکیل کے بعد ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور عیسائی طبقہ کو کافی ہراساں و پریشان کیا گیا۔ جب بھی انتخابات منعقد ہوتے ہیں بی جے پی اور ہندوتوا طاقتیں فرقہ پرستی کے ایجنڈے پر کام کرتی ہیں۔ آر ایس ایس کے اشاروں پر ناچتی ہے۔ اترپردیش کے عین انتخابات سے قبل آر ایس ایس نے پھر ایک مرتبہ تحفظات پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحفظات سے استفادہ کرنے والے طبقات کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ بہار انتخابات سے قبل بھی آر ایس ایس سربراہ نے تحفظات پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بہار کے عوام نے بی جے پی کو سبق سکھادیا جس سے آر ایس ایس اور بی جے پی نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔ ملک کے پانچ ریاستوں کے عوام پھر ایک بار بی جے پی اور اس کے حلیف جماعتوں کو سبق سکھائیں گے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ وہ گوا پہنچ کر ڈگ وجئے سنگھ اور گوا کانگریس کے قائدین کے ساتھ تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ توقع کی جارہی ہیکہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی بھی گوا کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد ملک کے عوام بالخصوص سیر و تفریح کیلئے گوا پہنچنے والے سیاح پریشان ہے۔ کاروبار پوری طرح ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ لاکھوں نوجوان روزگار سے محروم ہوگئے ہیں۔ کانگریس پارٹی عوام کے درمیان پہنچ کر بی جے پی کی ناکامیوں کو پیش کرے گی۔ کانگریس کو اقتدار میں لانے کیلئے عوام کا اعتماد حاصل کرے گی۔