گوا میں موسلادھار بارش، معمولات زندگی درہم برہم

پاناجی۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں موسلادھار بارش نے ریاست کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم کردیئے ۔ محکمہ موسمیات نے زبردست سے انتہائی زبردست بارش کی پیش قیاسی کی تھی جو گووا میں آئندہ دو دن کے دوران ہوگی۔ کل رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر پاناجی کے کئی علاقے آج صبح زیر آب آگئے جس کی وجہ سے ٹریفک جام کے مناظر دیکھے گئے۔ نشیبی علاقوں کے کئی مکان بھی زیر آب ہیں۔ پڑوسی قصبہ ماپوسہ میں جو پاناجی سے 10 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، سب سے بڑی منڈی میں آج صبح سے پانی بھرا ہوا دیکھا گیا۔ ماپوسا شہر بھی نشیبی علاقہ ہے جہاں گاڑیوں اور پیدل راہ گیروں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آئندہ دو دن تک موسلادھار بارش دیکھی جائے گی۔ تمام افراد کو گھروں تک محدود رہنے کا اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ عوام نے بیرونی سرگرمیوں سے ممکنہ حد تک گریز کیا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب شدید سے لے کر اوسط درجہ کی بارش امکان ہے کہ جنوبی کونکن اور گوا میں بھی دیکھی جائے گی۔ انتہائی زبردست بارش شمالی اور جنوبی گوا میں آج اور کل ہونے کا اندیشہ ہے۔