گوا میں آئندہ ماہ ڈیفنس ایکسپو، پاکستان اور چین مدعو نہیں

پناجی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں ماہ مارچ میں منعقد ہونے والے ڈیفنس ایکسپو میں شرکت کے لئے 117 ممالک کو دعوت دی گئی ہے۔ ان میں چین اور پاکستان شامل نہیں ہیں۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور چین کو دعوت نہیں دی ہے۔ چین کا وفد آئے گا لیکن ڈیفنس ایکسپو میں چین کو شرکت کے لئے مدعو نہیں کیا گیا۔ چین اور پاکستان کو ڈیفنس ایکسپو میں ان کے دفاعی سازو سامان اور ٹکنالوجی کی نمائش کے لئے مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ 117 میں سے 44 ممالک نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ کم و بیش 881 کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ایکسپو 28 مارچ سے 31 مارچ تک منعقد ہوگا۔ ایرشو آئندہ سال بنگلور کے قریب یلاہانکا کے مقام پر منعقد ہوگا۔