گوا میں آر ایس ایس کے باغی لیڈر سے افہام تفہیم

پناجی۔/23ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر نتیش گڈکری نے آج یہ توقع ظاہر کی ہے کہ آر ایس ایس کے باغی لیڈر سبھاش ویلنگسکر کے ساتھ اختلافات کی یکسوئی کرلی جائے گی لیکن انہوں نے یہ بھی وضاحت کردی کہ اگر کوئی عملی سیاست میں داخل ہونا چاہتا ہے تو وہ سنگھ کے عہدہ سے مستعفی ہوجائے۔ انہوں نے چیف منسٹر لکشمی کانت پاریسکر کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی ساز فیصلوں پر ویلنگسکر کے ساتھ اختلافات پائے جاتے ہیں اور وہ بھی ( باغی لیڈرس ) ہمارے بھائی بندھو ہیں ہم نے ان سے بات چیت کرکے معاملہ فہمی کرلی جائے گی۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ آر ایس ایس نے کبھی انتخابی مقابلہ کیا اور نہ ہی تنظیمی عہدیداروں نے انتخابات میں حصہ لیا ، اگر کوئی سیاست میں داخل ہونا چاہتا ہے تو وہ تنطیمی عہدہ سے مستعفی ہوجائے۔ کسی کا بھی نام لئے بغیر مرکزی وزیر نتین گڈکری نے کہا کہ بعض لوگوں کی عملی سیاست سے دلچسپی بڑھ گئی ہے اور ایک طرف سنگھ کے عہدیدار ہیں تو دوسری طرف سماجی شعبہ میں کام کررہے ہیں اور ہم ایسے لوگوں کا احترام کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ گوا میں انگریزی میڈیم اسکولوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر ویلنگسکر نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ایک سیاسی جماعت تشکیل دینے بھارتیہ بھاشا سرکھشا منچ کے اعلان کے بعد 31اگسٹ کو انہیںآر ایس ایس گوا یونٹ کے صدر کے عہدہ سے برطرف کردیا گیا تھا جس پر ویلنگسکر کے حامیوں نے ایک متوازی تنظیم آر ایس ایس کونکن پرانت کی بجائے گوا پرانت قائم کرلی ہے۔