پاناجی ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گوا بی جے پی رکن اسمبلی سبھاش فلدیسائی کی کار سے ٹکر کے بعد ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ اس کار نے ایرپورٹ کے قریب ایک موٹر سیکل کو ٹکردیدی تھی، یہاں سے 40 کیلو میٹر دور یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹکر سے 28 سالہ سنیل راتھوڑ برسرموقع ہلاک ہوا۔ صبح 7 بجے بی جے پی ایم ایل اے کی کار نے موٹر سیکل راں کو ٹکر دیدی تھی۔ دوسرا شخص جو موٹر سیکل کے پیچھے بیٹھا تھا، اس حادثہ میں زخمی ہوا۔ اسے گوا میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار ایرپورٹ کی جانب جارہی تھی۔ کار میں ایم ایل اے سبھاش فلدیسائی موجود تھے جبکہ وہ کار نہیں چلا رہے تھے۔