واشنگٹن ۔ 15 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے گوانتاناموبے جیل میں قید الجزائر کے شہری کو بے قصور قرار دیتے ہوئے الجزائر کے حوالے کردیا۔انہیں بد نام زمانہ امریکی جیل میں 12برس بغیر کسی مقدمے کے قید کر کے رکھا گیا تھا۔ بش اور اوباما انتظامیہ کو یہ جاننے میں 12 سال لگے کہ احمد امریکیوں کے لئے خطرہ نہیں ہے اور نہ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ دہشت گردی کے بارے میں کچھ جانتا ہے۔ 2007ء میں بش انتظامیہ نے احمد کو بے قصور قرار دیا تھا تاہم انہیں الجزائر منتقلی کے لئے مزید پانچ برس انتظار کرنا پڑا۔ احمد کو افغانستان میں القاعدہ کے کیمپ میں شریک ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
طالبان قیدیوں کی رہائی پر افغانستان کا اظہار برہمی
کابل۔ 15 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان نے پاکستان سے طالبان قیدیوں کی رہائی کو بے ترتیب قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایک اعلی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے ان 46 قیدیوں کو ٹولیوں کی شکل میں بے ترتیب انداز میں رہا کیا اور رہائی سے قبل باضابطہ طور پر افغان حکومت کو آگاہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے آج تک افغان امن کونسل ان طالبان قیدیوں سے کوئی ملاقات نہیں کرسکی۔