گوانتاناموبے ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک سعودی اہلکار نے تصدیق کی ہیکہ 2002ء میں فرانسیسی تیل بردار جہاز پر حملے کی منصوبہ بندی میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے سعودی شہری احمد بن محمد بن احمد الدربی کو جمعرات کو گوانتاناموبے کے امریکی حراستی مرکز سے رہا کردیا گیا ہے۔ ریاستی سلامتی کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ احمد الدربی کی رہائی مملکت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو بیرون ملک قید سعودی شہریوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں کی جارہی ہیں۔ احمد بن محمد بن احمد الدربی چہارشنبہ کو 12 بجے مملکت پہنچا جہاں اس کے اہل خانہ کو رہائی سے متعلق پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا تھا اور مملکت نے انہیں احمدالدربی سے ملاقات کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کیں۔