گوالیار میں راہول گاندھی کے انتخابی روڈ شوز

گوالیار 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے شہر سے 11 کیلو میٹر کے فاصلہ تک اپنے روڈ شوز منعقد کئے اور پارٹی کے امیدوار برائے گوالیار لوک سبھا حلقہ اشوک سنگھ کی تائید میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ نائب صدر کانگریس راج ماتا وجئے راجے سندھیا ایرپورٹ 5 بجے شام پہونچے وہاں سے سیدھے بذریعہ کار ماتا مندر چوراہا روانہ ہوگئے۔ راہول گاندھی نے اپنے روڈ شو کا آغاز ماتا مندر چوراہے سے ایک سیاہ کار میں کیا۔ اُن کے ساتھ اشوک سنگھ بھی تھے۔

اشوک سنگھ مدھیہ پردیش کے صدر بی جے پی نریندر سنگھ ٹومر سے مقابلہ کررہے ہیں جو 2009 ء کے لوک سبھا انتخابات میں بھی پڑوسی انتخابی حلقہ مورینا سے مقابلہ کرچکے ہیں۔ مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا توقع ہے کہ روڈ شو کے دوران راہول گاندھی کے ساتھ رہیں گے لیکن وہ اپنی مصروف انتخابی مہم کی وجہ سے جو وہ انتخابی حلقہ گونا میں چلارہے ہیں، ایسا نہیں کرسکے۔ روڈ شو کے اختتام پر نائب صدر کانگریس نے بعض پارٹی کارکنوں سے مصافحہ کیا اور دیگر کو مبارکباد پیش کی۔

راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی کو اللہ ہی سزا دے گا
ایمرجنسی کے دوران زبردستی نس بندی کرانے والے بخشے نہیں جائیں گے: اعظم خان
بجنور 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان نے اپنی مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے بعد آج کہاکہ ایمرجنسی کے دوران زبردستی نس بندی کرانے والے راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی کو اللہ ہی سزا دے گا۔ ایودھیا میں متنازعہ مقام پر شیلا نیاس کرانے کی اجازت دینے والے راجیو گاندھی بھی بخشے نہیں جائیں گے۔ راجیو گاندھی نے بابری مسجد کا دروازہ کھولنے کا حکم دیا تھا جبکہ سنجے گاندھی نے نس بندی کا پروگرام شروع کرتے ہوئے زبردستی فیملی پلاننگ کروائی تھی۔ 1980 ء میں دہلی کے قریب طیارہ حادثہ میں سنجے گاندھی کا انتقال ہوا تھا

جبکہ 21 مئی 1991 ء کو چینائی کے قریب راجیو گاندھی کا قتل کیا گیا تھا۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی جانب سے اپنی شادی شدہ زندگی کو تسلیم کرلینے پر تنقید کرتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ جو شخص اپنی شریک حیات کے زندگی نہیں گزار سکتا وہ ملک کی خدمت کیا کرسکے گا؟ اعظم خان نے کہاکہ مسلمانوں کے ووٹ اگر منقسم ہوجائیں تو یہ اقلیتی طبقہ کے لئے افسوسناک امر ہے۔