گنے کا جوس نکالنے والا لکڑی کا انوکھا مشین

عام آدمی کی خاص بات
گنے کا جوس نکالنے والا لکڑی کا انوکھا مشین
تعلیم یافتہ جتندر دیگر نوجوانوں کے لیے ایک سبق
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( نمائندہ خصوصی ) : ایسے انسان جو حلال اور جائز روزگار کے لیے نت نئے طریقے یا جدت پسندی کے طریقہ اختیار کرتے ہیں وہ لوگوں کی نظروں سے اوجھل نہیں رہ سکتے ۔ ایسے ہی ایک انوکھے انداز میں گنے کا رس فروخت کرنے والے شخص کو ہم نے دیکھا جو مکمل طور پر لکڑی کی بنی ہوئی مشین سے رس نکال کر فروخت کررہا تھا ۔ جب ہم نے اس حوالے سے تفصیلات حاصل کیں تو انہوں نے بتایا کہ ان کا نام جتندر ہے اور ان کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے ۔ انٹر تک تعلیم یافتہ جتندر نے بتایا کہ ان کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایسے پانچ لکڑی کے مشینوں کے ساتھ شہر کے پانچ مقامات پر لوگوں کو نیچرل طریقے سے نکالا گیا گنے کا رس فروخت کررہے ہیں ۔ جتندر نے بتایا کہ اس مشین کی تیاری میں 60 ہزار روپئے کی لاگت آئی ہے ۔ اس میں کسی قسم کا کوئی منیٹننس نہیں ہے ۔ برقی کی ضرورت نہیں ۔ اس انوکھے مشین کو جو زیادہ تر گاؤں میں استعمال ہوتا ہے ۔ شہر میں لوگ دیکھ کر کافی متاثر ہورہے ہیں اور بڑے شوق سے گنے کے جوس کا مزہ لے رہے ہیں ۔ بہر حال کاروبار کا یہ نیا طریقہ بھی ہمارے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک سبق کی طرح ہے جو اپنی کوشش اور محنت سے ایک معقول آمدنی حاصل کرسکتے ہیں ۔۔