گنے سے 100% ایتھنال بنانے والی ملوں کو 59 روپئے فی لیٹر کی سبسڈی ملے گی

نئی دہلی۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے چینی کی پیداوار کم کرنے اور گنے سے براہ راست ایتھینال کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے گنے سے سوفیصد ایتھینال گیس بنانے والی ملوں کو 59.19 روپے فی لیٹر کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں چہارشنبہ کے روز منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ تیل اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان نے میٹنگ کے بعد بتایا کہ جو کمپنیاں گنے کے رس سے چینی کی پیداوار کے بجائے براہ راست سوفیصد ایتھینال بنا ئیں گي انہیں حکومت فی لیٹر 59.19 روپے کی سبسڈی دے گی۔ اس سے ملک میں ایتھینال کی پیداوار بڑھے گی۔ موجودہ نظام کے تحت پٹرول میں 10 فیصد تک ایتھینال ملا جا سکتا ہے ۔ حکومت کا مقصد ایتھینال کے استعمال بڑھا کر خام تیل کی درآمد کم کرنا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ملک میں اس وقت کثیر مقدار میں چینی کا ذخیرہ ہے اور اس فیصلے سے گنا کے کسانوں کو ا پنی فصل کی مناسب قیمت مل سکے گا۔