گنیش کا چندہ نہ دینے پر مسلم ورکرس کی توہین

پونے کی مصروف ترین سڑک پر بٹھادیا گیا
پونے ۔22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پونے میں گنیش منڈل کے ارکان نے 11 مسلم نوجوانوں کو گنیش اتسو کا چندہ نہ دینے پر برسر عام زمین پر بٹھاکر توہین کی۔ اترپردیش سے وابستہ 20 تا 30 سال کے یہ نوجوان ایک بیکری میں کام کرتے ہیں۔ شری رام گنیش منڈل کے ارکان نے تلاش روزگار میں اترپردیش سے آئے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا جنہوں نے گنیش اتسو کے لئے چندہ دینے سے انکار کردیا۔ اس واقعہ کے بعد بعض نوجوانوں نے اپنا کام چھوڑ دیا اور بعض نوجوان آبائی مقامات کے لئے روانہ ہوگئے۔ یہ واقعہ 15 اگست کو اس وقت پیش آیا جب گنیش منڈل کے ارکان پمپری۔ چنچواڈ میں بھوسرائی۔ الانڈی روڈ پر واقع کرائون بیکری کے ورکرس سے رجوع ہونے اور گنپتی ورگانی (گنیش فیسٹول) کا چندہ طلب کیا۔ پولیس کے بموجب منڈل کارکنوں نے 100 روپئے کا چندہ مانگا لیکن ورکرس نے کہا کہ صرف 50 روپئے دے سکتے ہیں جس پر منڈل ارکان نے انہیں دھمکی دیتے ہوئے ایک مصروف ترین سڑک پر بٹھادیا۔ ستم ظریفی یہ کہ مسلم نوجوانوں کی بے عزتی کی ویڈیو فلم بناکر اپنے دوستوں کو بھیج دیا۔ یہ ویڈیو عام ہوتے ہی بعض ورکرس، اترپردیش واپس ہوئے جبکہ دیگر ورکرس مارے خوف کے بیکری میں کام کیلئے نہیں آئے۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر مہیش سوامی نے بتایا کہ گنیش منڈل کے 3 ارکان کے خلاف کیس درج کرلیا گیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے کیوں کہ یہ قابل ضمانت جرم ہے۔