گنیش وسرجن جلوس انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد۔/23ستمبر، ( این ایس ایس ) بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی نے گنیش وسرجن جلوس انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 24ستمبر کو گنیش منڈپم آرگنائزرس کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں جی ایچ ایم سی کمشنر ، رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹر، حیدرآباد پولیس کمشنر اور سائبرآباد پولیس کمشنر بھی شرکت کریں گے اور حکومت کی جانب سے گنیش جلوس کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ 27ستمبر بروز اتوار نکالے جانے والے جلوس کو پرامن بنانے کیلئے تمام ـآرگنائزرس اور والینٹرس کو ہدایت دی گئی ہے۔

ریونت ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/23ستمبر، ( این ایس ایس ) انسداد رشوت ستانی بیورو نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے ووٹ برائے نوٹ کیس میں ملزم تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو دی گئی ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 16ستمبر کو ریونت ریڈی کو ضمانت پر رہا کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اے سی بی کی درخواست کو قبول کرنے کے بعد ریونت ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔ دسہرہ تہوار کے بعد اے سی بی کی درخواست پر سماعت ہوگی۔