گنیش نمرجن کی تیاریوں کا آغاز،محکمہ آبپاشی کا ٹنڈر ، تلنگانہ حکومت کے اقدامات

حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ہونے والے گنیش تہوار کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کے محکمہ آبپاشی اور سی اے ڈی نے گنیش نمرجن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اِس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کے محکمہ آبپاشی کی جانب سے 3 کروڑ 60 لاکھ 72 ہزار 680 روپئے تخمینی لاگت کے کاموں کے لئے ٹنڈر طلب کئے گئے ہیں۔ 18 یوم تک جاری رہنے والے اِن کاموں کے حصول کے لئے بولی دہندہ کو 3 لاکھ 60 ہزار 730 روپئے بطور ضمانت جمع کروانے ہوں گے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود تالابوں میں گنیش نمرجن کے لئے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں۔ اِس موقع پر گنیش نمرجن کے لئے موبائیل کرین، آہنی رسّیاں، خیمے، کرسیاں، ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ دیگر اُمور کی انجام دہی و اسٹیشنری سپلائی کے لئے طلب کردہ ٹنڈر میں مکمل تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ مذکورہ ٹنڈر صرف گنیش نمرجن ہی نہیں بلکہ درگا کی مورتیوں کے نمرجن کے لئے بھی جاری کیا گیا ہے۔ اِس سلسلہ میں 28 جولائی سے درخواست فارموں کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ 16 اگسٹ شام 5 بجے سے قبل 5 ہزار روپئے کا ڈی ڈی بحق پے اینڈ اکاؤنٹ آفیسر ڈبلیو این ٹی حیدرآباد اور 650/- روپئے کا ڈی ڈی بحق کمرشیل ٹیکس آفیسر خیریت آباد داخل کرتے ہوئے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ پُر کردہ درخواست و ٹنڈر فارم 18 اگسٹ سے قبل داخل کردیئے جانے چاہئے۔ بولی دہندگان و درخواست گذاروں کی موجودگی میں 18 اگسٹ کو ہی ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ مزید تفصیلات کے لئے سپرنٹنڈنٹ انجینئر آبپاشی اینڈ سی اے ڈی میکانیکل ورکشاپ ریڈہلز حیدرآباد سے فون نمبر 040-23314123 پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ آبپاشی کی جانب سے طلب کردہ اس ٹنڈر کے لئے درخواست کے ادخال کے ذریعہ راست شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے جاری کردہ ٹنڈر کا آئی ایف بی نمبر 01/M&W/2014-15 ہے جو 22 جولائی 2014 ء کو جاری کیا گیا ہے۔