حسین ساگر سے مورتیوں کے باقیات کو نکالنے کا آغاز ، کمشنر بلدیہ دانا کشور
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) گنیش نمرجن جلوس کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 24ستمبر کو دن میں 11بجے تک 5ہزار 790ٹن کچرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ گنیش نمرجن جلوس کے دوران اور جلوس کے گذرنے کے فوری بعد سڑکوں کی صفائی کو یقینی بنایا گیا اس کے علاوہ حسین ساگر میں جن مورتیوں کا نمرجن کیا گیا انہیں نکالنے اور کچرے کی فوری صفائی کے انتظامات کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں بلدی عملہ اور خصوصی تیراکوں اور کرینوں کے ذریعہ مورتیوں کی باقیات کو نکالنے کا عمل جاری ہے ۔ شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 74ہزار چھوٹی اور بڑی مورتیوں کا نمرجن مکمل کرلیا گیا اور اس نمرجن کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں گنیش ونمرجن کے انتظامات اطمینا ن بخش رہے اور شہر کے مرکزی علاقوں میں فوری صفائی کے لئے کئے گئے خصوصی انتظامات کے باعث سڑکوں کی فوری اثر کے ساتھ صفائی کی گئی اور 5ہزار 790 ٹن کچرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایاکہ تاحال حسین ساگر میں 15ہزار 450 گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا گیا جبکہ شہر کے دیگر تالابوں اور عارضی تالابوں میں مابقی مورتیوں کا وسرجن کیاگیا ہے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے مرکزی گنیش جلوس اور حسین ساگر میں گنیش وسرجن کے انتظامات کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کا عملہ رات دیر گئے تک سرگرم رہا اور دن میں بھی عہدیداروں بالخصوص عملہ کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وسرجن کی تکمیل تک اپنی ذمہ داری نبھائیں اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ حسین ساگر میں گنیش مورتیوں کے وسرجن کے فوری بعد حسین ساگر کی صفائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ مکمل صفائی تک جاری رہے گا۔