مقامی پولیس کی غفلت، کمشنر سے عوام کی راست شکایت کے بعد کارروائی
حیدرآباد۔/6ستمبر، ( سیاست نیوز) گنیش منڈپ میں مہلک ہتھیاروں سے ناچ علاقہ میں کشیدگی کا سبب بن گیا۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ کا کمشنر راچہ کنڈہ نے سخت نوٹ لیا ہے اور اسپیشل آپریشن ٹیم کو واقعہ کی تفصیلات کی ذمہ داری سونپی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں 3 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ اس واقعہ پر کمشنر کے رد عمل تک مقامی پولیس خاموش رہی اور مقامی پولیس کی مجرمانہ غفلت سے عوام نے راست کمشنر کو تصاویر روانہ کرتے ہوئے شکایت کی۔ ڈسپلن اور پولیسنگ کے معاملہ میں انتہائی سخت موقف رکھنے والے کمشنر راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلیدھر بھگوت کو کارروائی کا اب انتظار رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اپل کے علاقہ لکشمی ریڈی کالونی میں یہ واقعہ پیش آیا۔ علاقہ میں نصب کئے گئے گنیش کے منڈپ کے قریب سالگرہ تقریب کا جشن منایا گیا اور اس موقع پر چند افراد جو مہلک ہتھیاروں تلواروں سے لیس تھے رقص کرنے لگے اور کرتب بازی کرتے ہوئے مقامی عوام کو تشویش میں مبتلا ء کردیا ۔ علاقہ کے چند شہری جو خوف شکا شکار تھے کمشنر راچہ کنڈہ کو اس رقص اور ہتھیاروں کی کرتب بازی کی تصاویر روانہ کیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسپیشل آپریشن ٹیم اس بات کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے کہ آیا ہتھیار آئے کہاں سے اور کس مقام پر ان افراد نے ہتھیاروں کی تربیت حاصل کی۔ پولیس کی اس قدر چوکسی کے باوجود ایسے واقعات کا پیش آنا خود پولیس کیلئے تشویش اور چیلنج کا باعث بن گیا ہے۔
مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا پُرامن اختتام
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی گنیش وسرجن جلوس کے پرامن اختتام پر کمشنر پولیس حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی نے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ آج دوپہر جلوس کے اختتام پر مہیندر ریڈی نے اپنے پیام میں کہا کہ اس سال کے گنیش جلوس کے پرامن اختتام میں تعاون کرنے والے دیگر محکمہ جات بشمول جی ایچ ایم سی، ٹرانسکو، واٹر ورکس، روڈ اینڈ بلڈنگ کا اہم رول رہا ہے اور ان کی مدد سے ہی بندوبست کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے مزید بتایا کہ اس سال بندوبست کے دوران ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا گیا جس میں گنیش منڈپوں کی جیو ٹیاگنگ کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کڑی نظر رکھنا شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے پیام میں مزید بتایا کہ دونوں شہروں کے عوام نے پولیس کا مکمل تعاون کیا ہے یہی وجہ ہے کہ شہر میں جلوس کی روانگی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔