گنیش جلوس کے پُرامن اختتام پر اظہار اطمینان

پولیس کی کارکردگی کی ستائش‘ وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔8ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے نوتشکیل شدہ ریاست میں میں گنیش تہوار کے پُرامن اختتام پر خوشی کا اظہار کیا ۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے چارمینار میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی سے بات چیت کے دوران گنیش نمرجن کیلئے کئے گئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مورتیوں کے نمرجن کیلئے پولیس سے تعاون کریں ۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ اگر تمام مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام مل جل کر کام کریں تو نئی ریاست تلنگانہ زبردست ترقی کرسکتی ہے ۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما کی نگرانی میں کئے جانے والے پولیس انتظامات کی ستائش کی ۔ شہر میں امن و قانون کی برقراری کیلئے مسٹر نرسمہا ریڈی نے سٹی پولیس کو مبارکباد دی ۔ اس دوران جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار نے مورتیوں کے نمرجن کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ منگل کو صبح 8بجے تک تمام مورتیوں کے نمرجن کو یقینی بنایا جائے گا ۔ مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ پیر کے روز تقریباً 60,000 گنیش مورتیوں کا نمرجن کیا گیا ۔