گنیش جلوس کو پرامن بنانے حکومت سے بڑے پیمانے پر اقدامات

بالا پور تا ٹینک بنڈ سینکڑوں کیمروں کی تنصیب ، ٹی سرینواس یادو کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری و سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے بتایا کہ گنیش جلوس کو پرامن بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 25 ہزار پولیس ملازمین کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ بالا پور سے ٹینک بنڈ تک گنیش جلوس پر 800 ویڈیو کیمروں سے نظر رکھی جارہی ہے ۔ حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے سیکوریٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں ۔ 10,200 کے منجملہ 4101 گنیش مورتیوں کا وسرجن ہوچکا ہے ۔ آج سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ دونوں شہروں کے حدود میں گنیش وسرجن پروگرام کو پرامن بنانے کے لیے حکومت نے تیاریاں مکمل کرلی ہے ۔ جی ایچ ایم سی ، الکٹرسٹی ، محکمہ عمارت و شوارع ، پولیس اور واٹر ورکس کے عہدیداروں کی جانب سے گنیش جلوس کا نظارہ کرنے کے لیے پہونچنے والے عوام کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ جاریہ سال جملہ 10,200 گنیش مورتیاں بٹھائی گئی جن میں ابھی تک 4101 مورتیوں کا وسرجن بھی ہوگیا ہے ۔ مابقی 6100 مورتیوں کا منگل کو وسرجن ہوگا ۔ حسین نگر ، این ٹی آر مارگ ، راجنا باولی ، میر عالم ٹینک ، ایراکنٹہ ، شیخ پیٹ ٹینک ، سرور نگر ٹینک ، حشمت پیٹ ، تالاب میں گنیش وسرجن کے لیے تمام انتظامات کئے گئے ہیں ۔ گنیش جلوس کو پرامن بنانے کے لیے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 25 ہزار پولیس ملازمین کی بندوبست خدمات کے لیے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے 310 انتہائی حساس اور 605 حساس مقامات کی نشاندہی کی ہے ۔ 410 پولیس کی موبائل ٹیمس تشکیل دی گئی ہیں ۔ سیکوریٹی بندوبست میں آئی جی عہدے کے 8 ڈی آئی جی عہدے کے ایک ایس پی عہدے کے ایک ایڈیشنل کمشنر عہدے کے 4 جوائنٹ کمشنر عہدے کے 2 ڈپٹی کمشنر عہدے کے 9 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عہدے کے 7 اسسٹنٹ کمشنر عہدے کے 579 پولیس آفیسرس کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ گنیش وسرجن کے 117 مقامات پر 5 کروڑ روپئے کے مصارف سے عارضی مرمتی کام انجام دئیے گئے ۔ ہر 2 کیلو میٹر پر ایک ایکشن ٹیم تشکیل دی گئی ۔ جلوس کے مقامات پر خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ ہر سرکل میں ایک ایمرجنسی ٹیم کو 24 گھنٹے دستیاب رکھا گیا ہے ۔ تمام محکمہ جات میں رابطہ و تال میل پیدا کرنے کے لیے پرانے شہر کے سردار محل میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ۔ تقریبا 800 ویڈیو کیمروں کے ذریعہ بالا پور تا ٹینک بنڈ تک جلوس پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ گنیش وسرجن کے لیے 350 کیلو میٹر تک جی ایچ ایم سی کی 165 ایکشن ٹیمس تیار رکھی گئی ہیں ۔ صاف صفائی کے لیے 3 شفٹس میں کام کرنے کے لیے 9710 افراد کی خدمات حاصل کی گئی ہے ۔ کرینوں کے قریب تقریبا 1000 افراد 3 شفٹوں میں کام کریں گے ۔ گنیش وسرجن کے فوری بعد صفائی کے لیے 14 سیواپنگ مشینوں کو دستیاب رکھا جارہا ہے ۔ گنیش وسرجن کے موقع پر 16 مقامات سے آر ٹی سی کے 500 خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔۔