گنیش تہوار کے پُرامن انعقاد کیلئے اقدامات

حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( آئی این این ) تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں پہلی باربڑے پیمانہ پر منعقد شدنی 11روزہ گنیش تہوار کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو اولین ترجیح حاصل رہے گی اور یہ تہوار خیرسگالی جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ مسٹر محمود علی نے سکریٹریٹ میں آج ’ گنیش نما جنم ۔ 2014 ‘ تہوار کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد یہ لگاتار چوتھا کامیاب تہوار رہے گا۔ قبل ازیں تلنگانہ میں تین بڑے تہوار حالیہ عرصہ کے دوران پُرامن اور کامیاب پیمانے پر منائے جاچکے ہیں۔ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی، وزیر آبکاری ٹی پدما راؤ، بی جے پی لیڈر بنڈارودتا تریہ، چیف سکریٹری راجیو شرما، پرنسپل سکریٹری ( پولٹیکل ) اجئے مشرا، ڈی جی پی انوراگ شرما، جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار، حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی، سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند ، دیگر عہدیداروں اور گنیش اُتسو سمیتی کے ذمہ داروں کے علاوہ رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے چند ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نائینی نرسمہا ریڈی نے تیقن دیا کہ جی ایچ ایم سی اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات گنیش تہوار کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کیلئے ممکنہ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حسین ساگر جھیل کو آلودگی سے بچانے کیلئے مٹی کی مورتیوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ایک مرکزی مقام پر تمام مورتیوں کے وسرجن کے بجائے شہر حیدرآباد کو ٹریفک میں خلل سے محفوظ رکھنے کیلئے شہر کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں واقع تالابوں میں مورتیوں کے وسرجن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے اہم مقامات پر کرینس تعینات کئے جائیں گے۔ گنیش اُتسو سمیتی کے ارکان نے بھی شہر میں امن و قانون کی برقراری کیلئے حکومت سے تعاون کا وعدہ کیا۔